نئی دہلی،15؍اکتوبر(ایس او نیوز) ٹرین کے سفر کے دوران ریلوے اسٹیشن پر یا ٹرین کے اندر کووڈسے متعلق جاری رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر پانچ سال تک کی جیل اور جرمانہ ہو سکتا ہے - ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے تہواروں کے موسم کے دوران مسافروں کی بھیڑ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آج ہدایات جاری کیں - اس میں کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے سے لے کر منزل کے آخری اسٹیشن سے باہر نکلنے تک ماسک لگانا لازمی ہوگا- نیز ماسک صحیح طریقے سے لگایا جانا چاہئے - اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی-
سماجی فاصلے پر عمل نہیں کرنا اور کووڈ سے متاثر پائے جانے کے باوجود یا اس کیلئے نمونے دینے کے بعد رپورٹ آنے پہلے یا ریلوے اسٹیشن پرطبی جانچ کے بعد سفر سے روکے جانے کے باوجود ٹرین سے سفر کی کوشش کرنا بھی اسی زمرے میں آئے گا - عوامی مقام پر تھوکنا یا جان بوجھ کر کسی طرح کی گندگی پھیلانا بھی رہنما خطوط میں ممنوعہ قراردیا گیا ہے - اسٹیشن پر یا ٹرین کے اندر کسی بھی طرح کی گندگی پھیلانا یا ریلوے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ کسی بھی اضافی ہدایت کی خلاف ورزی بھی قابل سزا جرم ہوگا-
آر پی ایف نے کہا کہ ان جرائم کیلئے ریلوے ایکٹ کی دفعہ16\53,145اور154 کے تحت کارروائی کی جائے گی- دفعہ145 غیر قانونی طور پر کسی ٹرین میں سوار ہونے کے تعلق سے ہے، جس کے تحت ایک ماہ کی قید یا پانچ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہو گا- زیادہ سے زیادہ تین سال قید یا10ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں -جان بوجھ کر دوسروں کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے کیلئے دفعہ153کے تحت 5سال تک کی قید کا التزام ہے - وہیں غیر دانستہ طور پردوسروں کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے کیلئے ایک سال کی قید یا جرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں -